اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق اسلامی تعاون تنظیم او آئی سی کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر یوسف العثیمین نے کشمیر کے عوام کو خودمختاری کے بنیادی حق کے لئے اپنی جائز جدوجہد میں او آئی سی کی مکمل حمایت کا یقین دلایا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیمینار اور تصویری نمائش کی تقریب سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب کا انعقاد پاکستان قونصلیٹ جدہ اور او آئی سی نے مشترکہ طور پر کیا تھا، ”کشمیریوں کا خون بہہ رہا ہے” کے عنوان سے منعقدہ سیمینار سے اپنے خطاب میں سیکرٹری جنرل او آئی سی نے بھارتی حکومت پر زور دیا کہ وہ کشمیری عوام کے خلاف طاقت کا استعمال روک دے۔ انہوں نے مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی مذمت کی اور کہا کہ جموں و کشمیر کا مسئلہ 3 دہائیوں سے او آئی سی کے سب سے اہم ایجنڈا میں سے ایک ہے۔ انہوں نے وزیراعظم پاکستان سے اپنی ملاقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس ملاقات میں کشمیر کا تذکرہ سرفہرست تھا اور کشمیر کے مسئلے پر عمران خان کو او آئی سی کی جانب سے مکمل حمایت کی یقین دہانی کرائی ہے۔
اس موقع پر قونصل جنرل شہریار اکبر خان کا کہنا تھا کہ یوم سیاہ کشمیر کا انعقاد کشمیر میں بھارتی افواج کے غیرقانونی قبضے کے سلسلے میں کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کی تاریخی جدوجہد میں تمام تر اخلاقی، سیاسی اور سفارتی تعاون جاری رکھے گا۔
کشمیریوں کے نمائندہ غلام محمد صفی نے بھارتی کشمیر میں موجودہ صورتحال اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے بارے میں حاضرین کو آگاہ کیا۔ انہوں نے بین الاقوامی برادری اور خاص طور پر او آئی سی کو اپنا کردار ادا کرنے کی اپیل کی تاکہ کشمیری لوگ اپنا حق خودارادیت حاصل کر سکیں۔
جدہ کشمیر کمیٹی کے ارکان نے سیکرٹری جنرل کو ایک قرارداد پیش کی اور او آئی سی کو کشمیر کے مسئلے کو حل کرنے کی کوششوں کو مزید تیز کرنے کی استدعا کی۔ او آئی سی سیکریٹریٹ میں بھارتی مقبوضہ کشمیر پر تصویری نمائش اور سیمینار گزشتہ پانچ سالوں سے ایک سالانہ ایونٹ بن چکا ہے۔ تقریب میں او آئی سی کے سیکرٹری جنرل کے خصوصی نمائندے سفیر عبد اللہ العالم سمیت اعلی سطحی سعودی حکام، سفارتی نمائندوں اور پاکستان کمیونٹی کے ارکان نے شرکت کی۔
۔۔۔۔۔۔۔
/169